Â
تہران – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رہبرانقلاب اسلامی ایران سید علی خامنہ ای نے یوم قدس کو بہت ہی اہم دن قراردیتے ہوئے فرمایا کہ روز قدس صرف ایک مظلوم قوم کی حمایت نہیں ہے بلکہ سامراجی قوتوں اور توسیع پسندانہ نظام کے خلاف جدوجہد کے مترادف ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رہبرانقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای نے گزشتہ روز تہران میں پروفیسرز، مختلف یونیورسٹیوں کے بورڈز کے اراکین اور سائنسی شعبے میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کے دوران عالمی یوم القدس کی آمد کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اس دن کا مطلب اپنے گھر بار کو چھوڑنے والے مظلوم فلسطینی قوم کا دفاع کرنا نہیں بلکہ آج فلسطین کا دفاع کرنے کا مطلب فلسطین سے بڑھ کر ایک ناقابل انکار حقیقت کا دفاع کرنا ہے۔آپ نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد سامراجی اور ظالمانہ سیاسی نظام کے خلاف جدوجہد ہے اور اسی لئے امریکی سیاستدان خوفزدہ ہیں اور وہ ایسے اقدامات کو اپنے لئے سنگین اور نقصان دہ سمجھتے ہیں۔