دمشق – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) شام میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے درعا میں تازہ لڑائی کے نتیجے میں قریب ہی واقع یرموک فلسطینی پناہ گزین کیمپ سے دسیوں فلسطینی خاندان نقل مکانی پرمجبور ہوئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے ’فلسطین۔ شام ایکشن گروپ‘ کی طرف سےجاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی درعا اور اس کے اطراف کے قصبوں میں شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان تازہ لڑائی چھڑ گئی ہے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں فلسطینی پناہ گزین محفوظ مقامات پر نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یرموک کیمپ کے اطراف میں گذشتہ 10 روز سے شدت پسند گروپ ’داعش‘ کےخالد بریگیڈ کے جنگجوؤں اور حکومتی فورسز کے ساتھ دوسرے جنگجو گروپوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ تازہ لڑائی یرموک کیمپ کے قریب تسیل، جلین، سحم اور تل الجموع میں ہوئی ہے جس کے نتیجے میں یرموک کیمپ کے مکینوں پر نقل مکانی کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کل جمعہ کو یرموک پناہ گزین کیمپ فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے نقل مکانی شروع کی۔ یرموک کیمپ سے مکانی کرنے والے سیکڑوں فلسطینی پناہ گزین المزیریب، زیزون اور عموریہ قصبوں میں پہنچے ہیں۔