مقبوضہ بیت القدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت کے ایک عہدیدارنے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حالات کو پرسکون بنانے کے لیے اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے ساتھ معاہدے کے قریب ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی اخبار ’لاس اینجلس ٹائمز‘ سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی عہدیدار نے کہا کہ حماس کے ساتھ فائر بندی معاہدہ قریب تر ہے اور اسے جلد ہی حتمی شکل دے دی جائے گی۔’واللا‘ ویب سائیٹ کے مطابق اسرائیلی عہدیدار کا یہ بیان غزہ میں دو روزہ سکون کے بعد سامنے آیا ہے۔ ویب سائیٹ کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو روز کے دوران غزہ کی سرحد پر کوئی کاغذی جہاز یا گیسی غبارہ نہیں پھینکا گیا۔
اسی سیاق میں ویب سائیٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا تھا کہ منگل کو غزہ کی صورت حال پرغور کے لیے سیاسی اور سیکیورٹی حکام کا اہم اجلاس ہوگا۔
لائبرمین کا کہنا ہے کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے طرز عمل کو دیکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر غزہ کی سرحد پر آتش گیر کاغذی جہاز پھینکنے کا سلسلہ بند ہوجاتا ہے تو ہم غزہ کو سہولیات دینے پر غور کریں گے۔