برسلز – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی پارلیمنٹ کے ایک رکن اور سینیر سیاست دان نے کہا ہےکہ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی طرف جاری ہونے والا نیا منشور غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم یا کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کی فلسطین سے تعلقات عامہ کمیٹی کے چیئرمین ’نیوکلس سیلیکو ٹیزان‘ نے ایک بیان میں کہا کہ حماس کے نئے ترمیم شدہ منشور کے نتیجے میں غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی ناکہ بندی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حماس کا اپنے موقف میں لچک پیدا کرنا ہمیں غزہ کا محاصرہ اٹھانے میں مدد فراہم کرے گا۔ نیوکلس کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی پر مسلط پابندیوں نے انسانی المیے کوجنم دیا ہے۔ ہمیں ہرصورت میں غزہ کا محاصرہ ختم کرنا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کے رکن کا کہنا تھا کہ حماس کے نئے موقف کے بعد یورپی ممالک کی طرف سے اسرائیل پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ غزہ کی پٹی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔
