بیروت (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ معرکہ آرائی کے لئے استقامتی تحریک کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے- دوسری جانب بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران فلسطینی عوام کی تیسری تحریک انتفاضہ کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ استقامتی محاذ عراق اور شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد اب اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔سید حسن نصراللہ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے ٹرمپ کے اعلان کو ایک نیا بالفور ڈکلریشن قرار دیا اور فلسطینیوں سے کہا کہ وہ اس نئی سازش کو ناکام بنانے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد کو مستحکم بنائیں۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ انتفاضہ ہی وہ آپشن ہے کہ جس پر فلسطینی عوام اور فلسطینی گروہ اجماع کر سکتے ہیں۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے وفد کے سربراہ ابو احمد فواد نے بھی اس ملاقات میں استقامتی محاذ کے گروہوں کے مشترکہ پروگراموں کے دائرہ کار میں اسرائیل کے خلاف ہر طرح کی کارروائی میں شرکت کے لئے اپنی تنظیم کی آمادگی کا اعلان کیا۔
گذشتہ ہفتے بھی فتح انتفاضہ محاذ کے بھی ایک وفد نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات کی۔ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے چند روز قبل غاصب صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینیوں کی تیسری انتفاضہ شروع کئے جانے پر زور دیا تھا۔
