مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا ہے کہ صہیونی فوج غزہ کی پٹی سے داغے جانے والے راکٹوں کاجواب حکمت اور دانش مندی سے دے رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر جنگ مسلط کرنے کی کوئی جلدی نہیں تاہم حماس اور دوسرے فلسطینی گروپوں کی طرف سے راکٹ حملوں کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اپنے ایک بیان میں لائبرمین نے کہا کہ فوج اطمینان اور حکمت سے فلسطینی راکٹوں کے معاملے کو نمٹا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی سے عسقلان میں ایک راکٹ حملہ داغا گیا تھا جس کا مناسب جواب دیا گیا ہے۔عبرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وہ حماس کی توقع کے مطابق جواب دینے کے پابند نہیں اور نہ ہی روٹین کی جوابی کارروائی کو ضروری سمجھتے ہیں۔ ہم تمام پہلوؤں کا باریکی سے جائزہ لیتے ہیں۔ فوج عسکری قیادت کی کمان میں کام کرتی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ غزہ کی پٹی سے داغا جانے والا ایک راکٹ بھی جنگ کی آگ بھڑکا سکتا ہے۔ اسرائیل اپنے دفاع میں کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ لائبرمین کا کہنا تھا کہ فوج نے غزہ کی پوری سرحد پر دفاع کے متعدد منصوبوں پر کام شروع کیا ہے۔ ہم غزہ کی پٹی سے سرنگوں کے ذریعے آمد ورفت کا راستہ روکنے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔