عمان – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اردنی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں سیاحتی ویزے پرآئے ایک اردنی شہری کو گولیاں مار کر قتل کرنے پر عمان حکومت نے سخت غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اردنی شہری کے قتل کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعائد ہوتی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے ایک ستاون سالہ اردنی شہری کو مزاحمت کار کے شبے میں گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔ اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اردنی شہری کو گولیاں اس وقت ماری گئیں جب اس نے ایک پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔اس واقعے کے رد عمل میں اردنی وزیر مملکت برائے اطلاعات اور ترجمان محمد المومنی نے کہا کہ بیت المقدس میں ایک قابض قوت کی حیثیت سے اردنی شہری کو گولیاں مار کر قتل کرنے ذمہ داری صہیونی ریاست پرعائد ہوتی ہے۔
انہوں نے اردنی شہری کے قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تل ابیب سے اس مجرمانہ واقعے کی درست تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
المومنی نے کہا کہ تل ابیب میں اردنی سفارت خانہ شہری کے قتل کے واقعے کی تفصیلات جمع کررہا ہے۔
