لندن – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) برطانیہ میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک نئی دستخطی مہم شروع کی ہے جس میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ارض فلسطین میں صہیونی ریاست کے قیام کے لیے بالفور معاہدہ کرنے پر فلسطینی قوم سے معافی مانگے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیرون ملک فلسطین پیپلز کانفرنس کے وائش چیئرمین ماجد الزیرنے بتایا کہ برطانوی حکومت سے بالفور ڈکلریشن پر معافی کے مطالبے کی پٹیشن پر شہریوں کی دستخطی مہم جاری ہے اور چوبیس گھنٹوں کےدوران 1000 سے زاید شہریوں نے پٹیشن کی حمایت میں دستخط کیے ہیں۔ماجد الزیر نے بتایا کہ برطانوی حکومت سے فلسطینی قوم سے معافی کے مطالبے پر مبنی یہ پٹیشن لندن میں قائم فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے لیے سرگرم ’مرکز برائے حق واپسی‘ کی جانب تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے برطانوی شہری اس پٹیشن پر دستخط کررہے ہیں وہ ہمار لیے خوش خبری ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں ایک ہزار برطانوی شہریوں کے دستخط سے اندازہ ہوتا ہے کہ 16 اگست 2017ء تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران وہ ایک لاکھ دستخطوں کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
ماجد الزیر کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے تمام بنیادی حقوق بالخصوص ’حق واپسی‘ اور حق خود ارادیت کےحصول کے لیے ہرسطح پر سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
خیال رہے کہ سنہ 1917ء میں اس وقت کی برطانوی حکومت نے صہیونیوں کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا سے’معاہدہ بالفور‘ کہا جاتا ہے۔ اس معاہدے کے تحت برطانیہ نے فلسطین میں صہیونی ریاست کے قیام کے لیے دنیا بھر سے یہودیوں کو فلسطین میں آکر آباد ہونے کی اجازت دی تھی۔