(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا کہ فلسطین، عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور علاقے میں دہشت گردی کا بحران، مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس سے عالم اسلام کی توجہ ہٹنے کا باعث نہیں بننا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین کی بھرپور حمایت اور دہشت گردی کے خلاف حقیقی جدوجہد، علاقے کے دو اہم مسائل شمار ہوتے ہیں۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو تربیت دینے والی غاصب صیہونی حکومت، علاقے میں بدامنی کی سب سے بڑی وجہ ہے اور اس کی جانب سے یہودی آباد کاری کا جاری عمل اس غاصب حکومت سے علاقے کے عوام میں مزید نفرت بڑھنے کا باعث بنا ہے۔حسین امیر عبد اللہیان نے کہا کہ انتفاضۂ قدس، غاصب صیہونی حکومت کی جاری جارحانہ پالیسیوں پر فلسطینی عوام کا ایک فطری ردعمل ہے۔
