مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے نام نہاد سیکیورٹی وجوہات کی آڑ میں آئرلینڈ کے امدادی کارکنوں اور انسانی حقوق کے مندوبین کو مقبوضہ فلسطین میں داخل ہونے سے روک دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ نے اپنی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 27 امدادی کارکن اور انسان حقوق رضا کار اسرائیل کے ’بن گوریون‘ ہوائی اڈے پر اترے۔ ان میں دو کارکن فلسطینیوں کی جانب سے کیے جانے والے مظاہروں میں شریک ہونے کی وجہ سے پہلے ہی ناپسندیدہ قرار دیے گئے تھے اور ان کے داخلے پر پابندی عائد تھی۔عبرانی اخبار کے مطابق آئرلینڈ سے آئے امدادی کارکن کو تلاشی کی آڑ میں کئی گھنٹے تک ہوائی اڈےپر روکے رکھا گیا۔ اسرائیلی سیکیورٹی اداروں نے الزام عائد کیا کہ آئرش امدادی کارکن سیکیورٹی امور میں مداخلت کرتے ہیں۔ وہ فلسطینیوں کے ساتھ مل کر اسرائیل کے خلاف مظاہروں میں حصہ لیں گے جس پر انہیں فلسطینی علاقوں میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بیرون ملک سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آنے والے کارکنوں کو روکنے کے واقعات روز کامعمول ہیں۔ گذشتہ پانچ سال کے دوران اس طرح کے واقعات میں نو گنا اضافہ ہوچکا ہے۔
