قاہرہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) عرب ممالک کی نمائندہ پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت ’یونیسکو‘ کے اس فیصلے کو مبنی برحق اور عالمی ضمیر کی آواز قرار دیا جس میں بیت المقدس پر اسرائیلی اقدامات اورغاصبانہ قبضے کو ’باطل‘ قرار دیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصر کے صدر مقام قاہرہ میں قائم عرب پارلیمان کے اسپیکر مشعل السلمی نے کہا کہ وہ یونیسکو کا فیصلہ قابل قدر اور عالمی ضمیر کی آواز ہے۔ایک بیان میں مشعل السلمی کا کہنا تھا کہ عالمی ضمیر ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونے کا مطالبہ کرتا ہے۔ بیت المقدس پر اسرائیلی اقدامات اور قبضہ صہیونی ریاست کے مظالم کی بدترین شکل ہے۔ عرب پارلیمان ’یونیسکو‘ کے فیصلے کی بھرپور حمایت اور تائید کرتے ہوئے اس پرعمل درآمد کا مطالبہ کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سنہ 1967ء کے بعد بیت المقدس میں حقائق کو مسخ کرنے اور مقدس شہر پر قبضے کو مستحکم کرنے کی سازشیں کررہا ہے۔ ایسے میں اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے کی طرف سے بیت المقدس میں صہیونی سرگرمیوں کو باطل قراردینا مبنی برحق اور عالمی ضمیر کی پکار کے عین مطابق ہے۔
خیال رہے کہ Â حال ہی میں Â اقوام متحدہ کی تنظیم برائے سائنس وثقافت ’یونیسکو‘ نے دو تہائی اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو باطل قرار دیتے ہوئے عالمی معائنہ کار بیت المقدس بھجوانے کا مطالبہ کیا تھا۔
