مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے زیرانتظام انسانی حقوق کونسل نے فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے کھلے عام ارتکاب پر بلیک لسٹ کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کونسل کے 29 رکنی فورم نے ایک قرارداد منظور کی جس میں اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے الزام میں بلیک لسٹ کردیا ہے۔ انتیس ممالک کا کہنا ہے کہ اسرائیل انسانی حقوق کے کارکنان کے خلاف انتقامی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ ایسے کارکنان جو اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کرتے ہیں صہیونی ریاست کی انتقامی کارروائیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔انسانی حقوق کونسل کے سیکرٹری جنرل انڈرو گیلمور نے ایک بیان میں کہا کہ کونسل نے فلسطین میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج انسانی حقوق کے کارکنوں کو اغواء کے بعد تشدد کرنے اور ان پر مظالم ڈھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
گیلمور نے کونسل میں فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی ہے۔ رائےشماری کے دوران 47 میں سے 29 ممالک نے اس رپورٹ کی حمایت کی ہے۔
