جدہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ بیت المقدس میں مزید چار ہزار صہیونی بستیوں کی تعمیر کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ زمینوں پر تعمیر ہونے والی تمام صہیونی بستیاں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر غیرقانونی اور ناجائز ہیں۔اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے الخلیل میں صہیونی بستیوں کی تعمیر کے صیہونی حکومت کے فیصلے کو خطرناک اقدام قرار دیا اور کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہرالخلیل پر اسرائیلی پالیسیوں کو مسلط کرنا اور اس شہر کے قدیمی حصے کو صہیونی رنگ دینا ہے۔
یوسف العثیمین نے کہا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے صہیونی بستیوں کی تعمیر ملت فلسطین کے حقوق کی کھلی پامالی اور بین الاقوامی قراردادوں کو خاطر میں نہ لانے کے ساتھ ہی خودمختار فلسطینی مملکت کی تشکیل کی راہ میں روکاوٹ ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تیئیس دسمبر دوہزار سولہ کو ایک قرار داد منظور کی تھی جس میں مقبوضہ فلسطین میں صہیونی بستیوں کی تعمیر کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا تاہم اسرائیل نے گذشتہ مہینوں میں مقبوضہ زمینوں پر صہیونی بستیوں کی تعمیر کو توسیع دینے کا عمل تیز کر دیا ہے۔
