فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مظاہرین ہندوستان اسرائیل دوستی اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہندوستان آمد کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے مین چوک بڈگام میں جمع ہوئے جہاں اسرائیلی وزیراعظم کے پتلے اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے۔
احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے ملت فلسطین پر اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم اور دنیائے اسلام کے خلاف صیہونی مملکت کی گھناونی سازشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ہندوستان اسرائیل رشتوں میں موجودہ گرم جوشی کو افسوسناک قرار دیا۔
آغا سید حسن نے کہا کہ مظلوم ملت فلسطین کے قاتل، مسلمانوں کے قبلہ اوّل کے غاصب اور ریاستی دہشتگردی کی بدترین علامت اسرائیلی وزیراعظم کا عدم تشدد کے پیامبر مہاتما گاندھی کی سرزمین پر غیر معمولی استقبال اور ہندوستان اسرائیل رشتوں میں موجودہ جہت انسانیت دوستی کے حوالے سے ہندوستان کی قدیم روایات کے سراسر منافی ہے۔
