فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں حوارہ قصبے میں جمعہ کو تلاشی کی کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی ایک جیپ الٹ گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم تین فوجی زخمی ہوگئے۔
اسرائیل کےعبرانی ٹی وی 2 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہودی فوجی الحوارہ قصبے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے لیے جا رہے تھے۔ تینوں زخمی فوجیوں کو فوری طورپر ایمبولینس کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔خیال رہے کہ جہاں اسرائیلی فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا اس کے قریب رات گئے نامعلوم فلسطینی مزاحمتی کارکنوں کی فائرنگ سے اسرائیلی فوج کا ایک افسر اور اس کی بیوی ہلاک ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد نابلس میں حالات سخت کشیدہ ہیں اور اسرائیلی فوج نے پورے شہر میں کریک ڈائون شروع کر رکھا ہے۔
