بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لبنانی پولیس نے ایک مصنف اور فلم پروڈیوسر زیاد احمد عیتانی کو اسرائیل سے رابطہ رکھنے اور دشمن ریاست کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پولیس نے صیہونی ریاست کے ساتھ رابطہ رکھنے کے شبے میں فلم پروڈیوسر زیاد کی اندرون اور بیرون ملک سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی تھی۔بیروت کے سیکیورٹی ڈاریکٹوریٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عیتانی نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ اسے صیہونی خفیہ اداروں کی طرف سے جو ٹاسک دیا گیا تھا اس نے وہ مکمل کیا ہے۔ اس میں لبنان میں اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کے بارے میں اسرائیل کو معلومات فراہم کرنے اور اسرائیلی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی راہ ہموار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
عیتانی نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے حالیہ دو ہفتوں کےدوران لبنان میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں بھی صیہونی خفیہ اداروں کو معلومات فراہم کی تھیں۔
عیتانی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو سیکیورٹی فورسز نے عیتانی اور اس کی اہلیہ کو بیروت میں قائم ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد دونوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ کے مطابق عیتانی نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے غیرملکی پاسپورٹ پر آنے والے اسرائیلی انٹیلی جنس کے ایک اہلکار سے رقم بھی وصول کی تھی۔
