مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام سے چھینے گئے وادی گولان میں ایک مبینہ جاسوس طیارے کو مار گرایا ہے۔ یہ واقعہ شام کے دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فوجی تنصیبات پر اسرائیلی بمباری کے کچھ دیر بعد پیش آیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پیٹریاٹ ائر ڈیفنس سسٹم‘ نے وادی گولان کی فضاء میں ایک بغیر پائلٹ ڈرون طیارے کو نشانہ بنا کر اسے مار گرایا۔ تاہم اس واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی اسرائیل کے علاقے صفد میں مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے فضاء میں گذرنے والے دو میزائل دیکھے جس کے بعد ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی تاہم یہ واضح نہیں ہوا کہ ان میزائلوں کا ہدف کیا تھا۔
ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ فوج نے میزائل حملوں سے ایک جاسوسی طیارہ مار گرایا ہے جس کا ملبہ شام کے اندر گرا ہے۔