فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز صہیونی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین نے خصوصی حکم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ تحریک فتح کی سینٹرل کمیٹی کے سینیر رکن محمد المدنی کو جاری کردہ ’وی آئی پی‘ سفری کارڈ منسوخ کردیا جائے تاکہ وہ سنہ 1948ء کے علاقوں میں داخل نہ ہوسکیں۔
خیال رہے کہ محمد المدنی تحریک فتح کے زیراہتمام اسرائیلیوں سے سماجی سطح پر رابطے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ ہیں اور وہ اس مقصد کے لیے اندرون اسرائیل آتے جاتے رہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیردفاع کا کہنا ہے کہ محمد المدنی کی سرگرمیاں مشکوک ہیں اور وہ صہیونی سماج میں انتشار پھیلانے کی کوشش اور اسرائیل کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ لائبربین کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ محمد المدنی مشرقی ملکوں کےیہودیوں کی نمائندہ تنظیموں اور عرب جماعتوں کو اسرائیلی حکومت کے خلاف اکسانے کے علاوہ جزیرہ نما النقب کے رہائشی فلسطینی بدوؤں کو صہیونی ریاست کے خلاف اکساتے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی رابطہ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک ایک بیان میں محمد المدنی کا وی آئی پی سفری کارڈ منسوخ کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیردفاع کو المدنی کےحوالے سے غلط فہمی ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد المدنی کو سفر سے روکنا اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان سماجی رابطے کی کوششوں کو ناکام بنانے کی کوشش ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعائد ہوگی۔