(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اقوام متحدہ نے قابض صہیونی ریاست کی جانب سے بیت المقدس کے علاقے صور باہر میں فلسطینیوں کے درجنوں مکانات ڈھائے جانے کی شدید مذمت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مشرق وسطی کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نیکولائے میلا ڈینوف نے بیت المقدس کے علاقے صورباہر کی وادی الحمص میں صہیونی ریاست کی جانب سے درجنوں فلسطینی مکانات ڈھائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی الحمص میں فلسطینی لوگوں کے گھروں کی مسماری اقوام متحدہ کے قوانین کی توہین ہے۔اور اسرائیلی ریاست کی جانب سے برپا اس ظلم کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہو ں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے مکانات کی مسماری کے نتیجے میں متاثر ہونے والے فلسطینیوں کی فوری بحالی کا کوئی امکان نہیں۔ لہذا اسرائیل کو مکانات مسماری کا عمل فورا بند کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے تمام تر بین الاقوامی تنقید اور فلسطینیوں کے احتجاج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گزشتہ روز سے مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں فلسطینیوں کے مکانوں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔
کل شام سیکڑوں اسرائیلی فوجی اہلکار بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باہر میں بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچ گئے اور مکانات کی مسماری کا آغاز کر دیا ۔