(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )لبنا ن میں فلسطینی مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی کمیٹی نے لبنان کے وزیر برائے لیبر کے فلسطینیوں مہاجرین سے متعلق اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے لبنانی وزیر اعظم سعد حریری سے مطالبہ کیا ہے کہ ان اقدامات پر عمل در آمد سے فلسطینی مہاجرین کی حق تلفی ہو گی لہذا اس فیصلے کو فور ی طور پر واپس لیا جائے۔
گزشتہ روز کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لبنانی وزیر لیبر کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر عمل درآمد کے احکامات کو فوری طور پر منسوخ کریں۔
کمیٹی نے اپنے بیان میں لبنانی حکومت کو یہ تنبیہ کی کے اگر فلسطینی مزدروں کے خلاف جاری احکامات کو واپس نہ لیا گیا تو کمیٹی لبنان میں موجود فلسطینیوں کے حق میں ملک گیر احتجاج کرے گی ۔کمیٹی نے لبنان میں رہنے والے فلسطینیوں کو اپنی حمایت کابھر پور یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں فلسطینی مہاجرین کے ساتھ ہیں۔اور فلسطینیوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ لبنان میں اپنی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے لیے حلال روزگار کا حصول ممکن بنا سکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لبنان کے وزیر لیبر نے ملک بھر میں کام کرنے والے فلسطینی مہاجرین کے متعلق متنازعہ احکامات جاری کیے ہیں جن کی تحت کوئی بھی فلسطینی لبنان میں کاروبار نہیں کر سکے گا اور اگر کوئی فلسطینی کسی بھی قسم کا کاروبار کرتا پایا گیا تو اس کے کاروبار پر فوری پابندی عائد کر دی جائے گی۔
انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں نے اس فیصلے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے لبنان کی حکومت سے اسی فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
