(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں چھ فلسطینیوں نے صہیونی جیلروں کے ناروا سلوک کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی تنظٰم کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی فہرست میں عبداللہ المغربی نامی شہری بھی شامل ہوگئے ہیں۔ المغربی نے جیل میں اپنی قید تنہائی کے خلاف بھوک ہڑتال کی ہے۔ المغربی دو ماہ سے قید تنہائی کا شکار ہیں۔بھوک ہڑتال کرنے والے دوسرے اسیران میں انتظامی حراست میں ڈالے گئے سامی الجنازرہ، عماد البطران، عبدالرحیم الصوایفہ، نھار السعید اور زید البسیسی شامل ہیں۔
جنازرہ نامی فلسطینی اسیر نے تین مارچ کو بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ جب کہ 15 مارچ کو اسیر البطران، چوبیس مارچ کو عبدالرحیم صوایفہ نے بھی بھوک ہڑتال شروع کردی تھی۔
اسیر زید بسیسی کو صہیونی عدالت سے عمر قید اور 55 سال اضافی قید کی سزا کا سامنا ہے جب کہ بیس سالہ نہار السعدی کو چار بار عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
