(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں ’’مودعین‘‘ یہودی کالونی میں یہودیوں کو بسانے کے لیے مزید 4200 مکانات تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزارت داخلہ کے زیراہتمام پلاننگ کمیٹی نے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں مغربی رام اللہ میں ’’مودعین‘‘ کے مقام پر یہودی آباد کاروں کےلیے 4200 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی۔رپورٹ کے مطابق مقامی فلسطینی شہریوں کو 60 روز کےاندر اندر یہودی آباد کاری کے نئے منصوبے پر اعتراضات پیش کرنے کی مہلت دی ہے۔ مہلت ختم ہوتے ہی وہاں پر تعمیراتی کام شروع کردیا جائے گا۔
عبرانی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کی ویب سائیٹ ’’وائی نیٹ‘‘ کےمطابق منصوبے کے تحت مودعین میں 1050 چھوٹے فلیٹ تعمیر کیے جائیں گے جن میں چھوٹی یہودی فیملیوں کو رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ منصوبے میں 23 ہزار مربع میٹر پرایک صنعی اور تجارتی مرکز قائم کیا جائے گا جب کہ مجموعی طورپر اس منصوبے کے لیے 1140 ایکڑ اراضی غصب کی جائے گی۔