مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) برطانوی حکومت نے فلسطین میں یہودی آباد کاری کے تازہ اسرائیلی اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی مساعی کو دانستہ طور پرنقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق برطانیہ کے مشرق وسطیٰ سے متعلق امور کے وزیر توبایاس الوود نے گذشتہ روزاپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے 3000 نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان قابل مذمت اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی مساعی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔برطانوی وزیر نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غرب اردن میں مزید تین ہزار مکانات کی تعمیر سے اسرائیل کی تنازع کے حل کے عدم سنجیدگی کا برملا اظہار ہوتا ہے اور ہم اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی طرف سے یہودی بستیوں کا قیام عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ یہودی آباد کاری سے فلسطین میں قیام امن کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور اس اقدام کے نتیجے میں تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کی راہ میں حائل مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔