مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی یونین نے ایک بار پھر صہیونی ریاست پر فلسطینیوں کے مکانات مسمار کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن کے سیکٹر C میں فلسطینی شہریوں کے مکانات کی مسماری بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس میں یورپی یونین کے ہائی کمشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معالیہ ادومیم صہیونی کالونی کے قریب خان الاحمر کالونی میں فلسطینی شہریوں کے مکانات کی مسماری کا کوئی جواز نہیں۔بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی ریاست جبرا آبادی کی منتقلی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ صہیونی ریاست کی آبادی کے انتقال کی ظالمانہ پالیسی جینوا معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اسرائیلی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ تمام یورپی ملکوں میں قائم اسرائیلی سفارت خانوں کوبھی رواں ہفتے مکتوبات موصول ہوئے ہیں۔
ان مکتوبات میں یورپی ممالک نے سخت لہجے میں فلسطینیوں کے مکانات مسماری پر احتجاج کرتے ہوئے فلسطینیوں کے مکان مسمار کرنے کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔