یورپی یونین نے اسرائیل کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ محاصرہ ختم اور فلسطینی دھڑوں میں اتحاد کےقیام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں ورلڈ بینک ،یورپی یونین اور فرانس کے تعاون سے سینٹری لینڈ فل کے منصو”بے الفخاری "کے افتتاح کے موقع پرفلسطین کے لئے یورپی یونین کے نمائدے رالف طراو نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے 12 سال سے بلا جواز معاشی پابندیوں اورطویل عرصے سے جاری محاصرے کا خاتمہ اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوںنے کہا کہ ہم فلسطینی اتھارٹی کے اتحادی ہیں ،فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی اقتصادیات، سیاست اور سیکیورٹی میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے، اسرائیلی پابندیوں کے خاتمے اور فلسطینی دھڑوں میں اتحاد غزہ کے عوام کی زندگی پرمثبت اثرات مرتب کرے گا، انکا مزید کہنا تھا کہ ہم اس امر پر زور دیتے ہیں کہ ہمیں فلسطین کے تمام علاقوں بالخصوص غزہ کے حوالے سے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی ریاست نے فلسطین میں سنہ 2007ء میں ہونے والے پارلیمنانی انتخابات کے بعد غزہ پر معاشی پابندیاں عاید کردی تھیں۔ اس کےبعد سے غزہ کا غیر قانونی محاصرہ جاری ہے جس کے باعث غزہ میں غذائی قلت کے ساتھ ساتھ ادوایات کی بھی شدید قلت ہے جس سےمحصور شہر میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ۔