مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے انسانی حقوق کے تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ کے علاقائی ڈائریکٹر عمر شاکر کو صہیونی ریاست کے بائیکاٹ کی مہم چلانے کے الزام میں 14 روز کے لیے ملک سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر داخلہ آری دیری نے منگل کے روز ایک نیا حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی بناء پر ’ایچ آر ڈبلیو‘ کے علاقائی ڈائریکٹر عمر شاکر کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام نے عمر شاکر کے بارے میں باریک بینی سے چھان بین کی تھی اور اس بات کی تصدیق ہوئی تھی کہ وہ اسرائیل کے بائیکاٹ کے لیے سرگرم تحریک کی حمایت کرتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ عمر شاکر عراقی نژاد امریکی شہری ہیں جو انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ اعلیٰ عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔
دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ تنظیم عمر شاکر کے ساتھ ہے اور اسرائیلی حکومت کے فیصلے کو انتقامی اور غیرمنصفانہ قرار دے کر اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیومن رائٹس واچ اسرائیلی وزارت داخلہ کےفیصلے کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔