فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے قریب "بسغات زئیف” نامی یہودی کالونی میں ہزاروں یہودی آباد کاروں نے فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں کو روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز یہودی کالونی اور اس آس پاس کی کالونیوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں یہودی ایک گرائونڈ میں جمع ہوئے، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔یہودی آباد کاروں نےفلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں یہودی آباد کاروں کے قتل اور ان پر چاقو سے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کی تمام ترذمہ داری اسرائیلی حکومت پرعاید کی۔
خیال رہے کہ "بسغات زئیف” نامی یہودی کالونی میں منگل کے روز اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک 15 سالہ فلسطینی بچے حسن مناصرہ کو شہید اور اس کے چچا زاد کو زخمی کردیا تھا۔ اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں فلسطینی لڑکے یہودی آباد کاروں پر چاقو سے حملے کی کوشش کررہے تھے۔