(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی ملک ہالینڈ میں گذشتہ روز سینکڑوں افراد نے اسرائیل میں سرمایہ کاری کرنے والی تجارتی کمپنیوں کے خلاف بہ طور احتجاج ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شرکاء نے صہیونی ریاست کے ہرسطح پر معاشی بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام ہالینڈ میں ’فلسطین ہاؤس‘ اور دیگر مقامی فلسطین نواز تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے دارالحکومت ایمسٹرڈم میں واقع ہالینڈ کی ایک مقامی تعمیراتی فرم کے ہیڈ کواٹر کے سامنے دھرنا بھی دیا۔ مذکورہ کمپنی نے فلسطینی علاقوں میں صہیونی ریاست کےساتھ مل کر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری شروع کر رکھی ہے۔یورپ میں فلسطین میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکڑوں افراد نے مقامی کمپنی AIRBNB کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں واقع ہیڈ کواٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی علاقوں مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی توسیع پسندی میں معاونت کرنے پر تجارتی کمپنی کے بھی بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے یورپی ملکوں میں اسرائیل کے بائیکاٹ کی تحریک موثرانداز میں جاری وساری ہے، جس کے نتیجے میں صہیونی ریاست کو سخت مشکلات سے دوچار کیا ہے۔