کوئٹہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات):- پاکستان بھر کی طرح صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی عالمی یوم القدس کی مناسبت سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق احتجاجی ریلی امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی کی زیر قیادت میں برآمد ہوئی۔ اس موقع پر علامہ جمعہ اسدی، علامہ ولایت حسین جعفری، علامہ وجدانی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر عبدالقدوس ساسولی اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔علامہ سید ہاشم موسوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ القدس کی بازیابی اور کشمیر و فلسطین سمیت عالم اسلام کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے عالمی استعمار اور اسکے آلہ کاروں سے عملی بیزاری اور دنیائے مظلومیت کی کھل کر حمایت ضروری ہے۔ اسلام نہ صرف اخلاقی بحرانوں بلکہ استعمار کے پیدا کردہ طوفانوں سے بھی نجات دلاتا ہے۔ جس کی تعلیمات کی عملی پیروی کرکے ہم امتِ مسلمہ کو مضبوط و مستحکم اور مظلوم اقوام کی مدد بھی کرسکتے ہیں۔ کیونکہ خدا کا اہل ایمان سے مضبوط ترین وعدہ ہے، کہ اگر تم سچے ہو تو تم ہی فتح مند اور سربلند رہو گے۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے نے عالمی یوم القدس حمایت مظلومین کے موقع پر اس عہد کا اظہار کیا کہ دنیائے مظلومیت کی حمایت اور ظالمین سے عملی بیزاری کیلئے ہماری جدوجہد، عدل و انصاف کے قیام اور ظلم و بربریت کے مکمل انہدام تک جاری رہے گی۔