(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رومانیا کے پراسیکیوٹر برائے انسداد بدعنوانی نے ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے چار اسرائیلی سرمایہ کاروں کو کرپشن الزامات میں گرفتار کرنے کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔ ان پرالزام ہے کہ وہ غیرقانونی طورپر رقوم کی ترسیل کے مرتکب رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رومانیہ کے وسطی شہر براسوف کی ایک عدالت نے چار اسرائیلی سرمایہ کاروں کی گرفتاری اور 30 دن تک پولیس کی تحویل میں دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان سرمایہ کاروں میں ایک فرانسیسی نژاد عرب پتی یہودی ’بینی چیٹینمیٹز بھی شامل ہے۔دیگر ملزمان کی شناخت تال سیلبرچین، شیمون شافی اور موشے آگاوی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ چاروں ملزمان کو فوری طورپرگرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
رومانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت نے حکم دیا ہے کہ اگرملزمان ملک میں موجود نہیں ہیں تو ان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے تاکہ ان کی گرفتاری عمل میں لائی جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق ان چاروں ملزمان پرایک الزام جرائم پیشہ سیل تشکیل دینے کا بھی ہے جس کی مدد سے انہوں نے سنہ 2006 ء کے بعد متعدد مرتبہ غیرقانونی طورپر رقوم کی ترسیل کی تھی جس کے نتیجے میں رومانیہ کے قومی خزانے کو 135 ملین یورو کا نقصان ہوا تھا۔ یہ گروپ منی لانڈرنگ اور کالا دھن سفید کرنے کے جرم میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔