متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سفاری پارک کے قریب یوم القدس کی ریلی کے شرکاء کی بس میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے
اور بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے معصوم اور بے گناہ افراد کی زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد درندہ صفت ہیں اور ایسی کارروائیاں کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ بس میں بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیا جائے، اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف تمام حکومتی وسائل اور ذرائع استعمال میں لا کر بے گناہ اور معصوم افراد کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
