(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ وادی اردن کے علاقے میں کل اتوار کو جنگی مشقوں کا آغاز کیا ہے۔ یہ جنگی مشقیں چار روز تک جاری رہیں گی۔ شمالی علاقے اور وادی اردن میں ہونے والی ان فوجی مشقوں کے دوران مقامی فلسطینی آبادی کو گھروں نے نکال دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتوار کو شروع ہونے والی جنگی مشقیں آئندہ بدھ تک جاری رہیں گی۔ جنگی مشقوں میں فضائیہ اور بری فوج کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جنگی مشقوں کے دوران بھاری اسلحے کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔ مشقوں کے دوران زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وادی اردن میں جنگی مشقیں سنہ 2016 ء میں ہونے والی مشقوں کے شیڈول کا حصہ ہیں جن کا مقصد کسی بھی جنگ کے لیے مسلح افواج کو تیار رکھنا ہے۔
