(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اپنے خصوصی دورے پر اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب اور فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر رام اللہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے فلسطینی اور اسرائیلی قیادت سے الوداعی ملاقات کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بان کی مون کا یہ فلسطین اور اسرائیل کا الوداعی دورہ ہے۔ اس دورے کے بعد وہ اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر تعینات رہتے ہوئے مسٹر مون مسئلہ فلسطین کے حل کے سلسلے میں کوئی قابل ذکر اقدام نہیں کر سکے ہیں۔ان کی موجودگی میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی کا محاصرہ برقرار رکھا اور غزہ کی پٹی پر دو بار جنگ مسلط کی۔ مگر وہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی سے منع نہیں کر سکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بان کی مون اپنے دورہ فلسطین کے دوران صدر محمود عباس اور تل ابیب آمد پر وزیراعظم نیتن یاھو سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں انہوں نے ماضی کی طرح ایک بار پھر فریقین پر امن مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی اخبار’’یسرائیل‘‘ ہیوم نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ بان کی مون اپنے الوداعی دورے پر تل ابیب پہنچ رہے ہیں جہاں وہ تل ابیب یونیورسٹی کے طلباء سے بھی خطاب کریں گے۔ اس دوران یونیورسٹی کی طرف سے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی جاری کی جائے گی۔