(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصری حکومت نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ ’رفح’ چار روز کے لیے دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھول دی ہے۔ جمعہ کے علاوہ اگلے چار دن تک غزہ کی پٹی کے مسافر بیرون ملک سفر کرسکیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ گذرگاہ کے فلسطینی حکام نے خبر رساں ایجنسی’’الرائے‘‘ کو بتایا کہ مصری حکام نے رفح گذرگاہ اگلے چار روز کھلی رکھنے کا اعلان کیا ہے اور اس فیصلے کے بارے میں فلسطینی حکام کو بھی مطلع کیا گیا ہے۔فلسطینی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج بدھ کو غزہ کے علاقےخان یونس کے ٹرمینل سے سات بسیں مسافروں کو لے کر مصر روانہ ہوئیں۔ پچھلی بار اس علاقے سے تین بسوں کے ذریعے چند درجن مسافروں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ رفح گذرگاہ غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی راہ داری ہے جو پچھلے کچھ عرصے سے بند ہے۔ سنہ 2013ء کے بعد رفح گذرگاہ بیشتر اوقات میں بند رکھی گئی ہے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری بیرون ملک سفر سے محروم رہے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں بیرون ملک سفر کے لیے رجسٹریشن کرانے والے شہریوں کی تعداد 25 سے30 ہزار کے درمیان بیان کی جاتی ہے۔