مصر کی مختلف سیاسی اور انقلابی تنظیموں نے ملک کی انتظامی عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے،جس میں سنہ 1979ء میں طے پائے اسرائیل سےامن معاہدے ‘‘کیمپ ڈیوڈ’’ میں ترمیم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ کی ایک انتظامی عدالت میں درخواست دہندگان میں انقلابی تنظیم‘‘ انقلاب یوتھ فورس’’ اور دیگر جماعتوں کےاراکین ڈاکٹرھیثم الخطیب، عمرو حامد شامل ہیں۔
درخواست میں صدر جمہوریہ ڈاکٹر محمد مرسی، وزیراعظم ھشام قندیل، مسلح افواج کے سربراہ فیلڈمارشل جنرل محمد حسین طنطاوی، وزیرخارجہ ڈاکٹر کامل عمر اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ طے پائے امن معاہدے کیمپ ڈیوڈ میں فوری طور پر ترمیم کریں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ حکومت کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور سیکیورٹی سے متعلق تعلقات پر نظرثانی کی ہدایت کرے۔
درخواست میں قرار دیا گیاہےکہ گذشتہ اتوار کو سیناء کے علاقے میں مصری فوجیوں کے قتل کی وارادت کے بعد اسرائیلی حکومت کے ساتھ سیکیورٹی سے متعلق تمام معاہدوں کو تبدیل کرنے اور سیناء میں مصری فوج کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ کیمپ ڈیوڈ معاہدے پر نظرثانی کی جائے۔ عدالت میں درخواست دائرکرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ھیثم الخطیب نے کہا کہ انکا مقصد حکومت کو اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی سے متعلق تمام معاہدوں پر نظرثانی پر مجبور کرنا ہے۔ اسی لیے انہوں نے عدالت سےرجوع کیا ہے۔ ضرورت پڑی تو وہ اپنے مقدمےکے حق میں عوام سے احتجاجی مظاہروں کی بھی اپیل کریں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین