(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو پس منظر میں لے جانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ فلسطینی باشندوں کو انصاف کی فراہمی کے بغیر مشرق وسطٰی میں دہشت گردوں کو مکمل طور پر شکست دینا مشکل ہے حالیہ واقعات سے یہ بات ظاہر ہے کہ اسرائیل کی 1967ء کی سرحدوں کے باہر علاقوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام تک خطہ میں امن و استحکام ممکن نہیں، لیکن بدقسمتی سے اسرائیل نے اس حوالہ سے غیر لچکدار پالیسی اپنا رکھی ہے۔ سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی اسرائیل سے آزادی بارے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ مشرق وسطٰی کے ممالک میں غیر ملکی مداخلت کے باعث نئے شدت پسند گروپ پیدا ہوئے، جن میں داعش بھی شامل ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی بڑی قوتوں پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطٰی اور فلسطین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے آگے بڑھیں۔ ایشیا اور مشرق وسطٰی میں شدت پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے عالمی قوتوں کو مل کر مشترکہ کردار ادا کرنا چاہئے۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کی پالیسی خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے۔ جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک مشرق وسطٰی میں قیام امن کی کوششیں باور آور نہیں ہو سکتیں۔
