مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ مالی بدعنوانی میں ملوث ہونے کے سلسلے میں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ایک بار پھر تفتیش کی جائے گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی اور غیر اسرائیلی تاجروں سے دسیوں ہزار ڈالر کی رشوت وصول کرنے کے الزام میں صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو سے ایک ہفتے میں تیسری بار پولیس تفتیش کرے گی۔ اس سے قبل اسرائیل کی پولیس نے پیر اور جمعرات کو نیتن یاہو سے آٹھ گھنٹے کی تفتیش کی تھی۔دریں اثنا صیہونی حکومت کے ایک مخالف صیہونی لیڈر اسحاق ہرٹزوگ نے بدعنوانی میں ملوث ہونے کی بناء پر نیتن یاہو کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ انھوں نے اگر استعفی نہیں دیا تو انھیں اسرائیل کی عدالت عالیہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب لبنان کی العہد ویب سائٹ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنا دورہ ڈیووس منسوخ کر دیا ہے اس لئے کہ صیہونی پولیس نے نیتن یاہو سے کہا ہے کہ تفتیش کے عمل اور قانونی کارروائی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہونے پائے اس لئے وہ غیر ملکی سفر پر نہ جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ نیتن یاہو کے علاوہ اسرائیل کے کئی سابق حکام، مالی بدعنوانیوں ملوث ہونے کے الزام میں جیل میں بند ہیں۔