(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)مختلف عرب ممالک کے عہدیداران اور سماجی کارکن امریکی سرپرستی میں ہونے والی نام نہاد اقتصادی کانفرنس کے مسترد کرنے کے لیے بیروت کے شہر میں جمع ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے عرب عہدیداران اور سیاسی اور سماجی کارکنان شریک ہوئے،جنہوں نے مشترکہ طور پر گزشتہ ماہ امریکی سرپرستی میں بحرین کے شہر منامہ میں ہونے والی نا م نہاد صدی ڈیل کانفرنس کو مستر دکردیا۔
ذرائع کے مطابق کانفرنس میں اس بات کا بھی عہد کیا گیا کے امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ کو ناکام بنانے کے لیے تمام عرب ممالک میں بھر پور اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے۔
کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں فلسطین کاز سے مکمل وفاداری کا اظہار کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی نام نہاد اقتصادی کانفرنس کا لبنان سمیت بیشتر عرب ممالک نے بائیکاٹ کیا تھا اور اسکو فلسطینیوں کے حقوق کا سودا کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔