(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی کابینہ میں شامل خاتون وزیر برائے قانون و انصاف ایلیت چیکید نے ڈھٹائی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطینی شہروں میں یہودی آباد کاروں کی غیرقانونی آبادی کاری کا ظالمانہ سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ’’ایتمار‘‘ یہودی کالونی میں ایک اسکول کا افتتاح کرتے ہوئے اسرائیلی خاتون وزیر نے کہا کہ غرب اردن اور فلسطین کے دوسرے شہروں میں یہودی آباد کاری ہمارا حق ہے اوراسے ہرصورت میں جاری رکھا جائے گا۔اسرائیل کے عبرانی ٹی وی پر نشرکردہ بیان میں ایلیت چیکید کا کہنا ہے کہ فلسطین کے طول عرض میں یہودی آباد کاری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ہم جہاں چائیں گھر بنائیں اور دیگر عمارتیں تعمیر کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی توسیع پسندی کے جاری منصوبوں کو آگے بڑھائے گی اور نئے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہم یہودی آباد کاروں کو صحت، تعلیم، امن امان، روزگار اور کاروبار سمیت ہرطرح کی سہولیات مہیا کریں گے۔