(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے فلسطینی وزیر خارجہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ دو ہفتے قبل بلغاریہ کے فلسطینی سفارتخانے میں قتل ہونے والے عمر نایف کی موت کی تحقیقات کی رخ تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
عوامی محاذ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن ایاد عواد اللہ نے ایک بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی سفارتخانوں اور ان کے جڑے کرپشن اور قید کے کیسز کی فائل کھولی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے سفارتخانے اور سفیر سمیت وزارت خارجہ کی جانب سے نایف کے قتل کے سلسلے میں کوتاہی کا ثبوت ڈھونڈ نکالا ہے۔
عواد اللہ نے زور دیا کہ وزیر خارجہ کی جانب سے کمیٹی کے معاملات میں کھلم کھلا مداخلت اس بات کا ثبوت ہے کہ وزارت اس قتل میں ملوث ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت نے کمیٹی کی تحقیقات کے آغاز میں اس بات کا مطالبہ کیا تھا کہ ایک پروفیشنل اور ماہرانہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے جو کہ قاتلوں کی شناخت کے لئے کسی کی مداخلت کے آگے نہ جھکے۔