کولالمپور (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ملائیشیا میں قائم فلسطینی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 21 اپریل کو کولالمپور میں نماز فجر کے وقت نامعلوم افراد کے حملے میں مارے جانے والے فلسطینی نوجوان پروفیسر ڈاکٹر فادی البطش کی میت تدفین کے لیے اس کے آبائی علاقے غزہ روانہ کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز مقتول ڈاکٹر فادی البطش کا جسد خاکی سیلانگ اسپتال سے مسجد ایدمان منتقل کیا گیا۔ جہازں نماز جنازہ کی ادائی کے بعد کولالمپور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے مصر کے دارالحکومت قاہرہ اور وہاں سے غزہ کی پٹی منتقل کیا جائے گا۔ڈاکٹر فادی البطش کے بھائی رامی البطش نے کہا کہ ہمیں فلسطینی سفارت خانے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مقتول فلسطینی سائنسدان کے جسد خاکی کو فلسطین منتقل کرنے کی اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے بھائی کا جسد خاکی بہ حفاظت اور کسی رکاوٹ کے بغیر ملائیشیا سے غزہ منتقل کیا جائے گا۔
جرمنی سے کولالمپور پہنچنے والے ڈاکٹر رامی البطش نے بتایا کہ ان کے بھائی کے قتل کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کے بارےمیں ملائیشیا کے حکام نے ان سے کوئی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملائیشیا کے تحقیقاتی اداروں کی طرف سے کی جانے والی تحقیق کے نتائج کے منتظر ہیں۔