تہران (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ملائیشیا میں مبینہ طور پر اسرائیلی خفیہ ادارے ’موساد‘ کے ایجنٹوں کے ہاتھوں نوجوان فلسطینی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر فادی البطش کے وحشیانہ قتل پر ایران نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر اعلیٰ علی اکبر ولایتی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر البطش کے ملائیشیا میں بہیمانہ قتل پرانہیں گہرا دکھ اور افسوس ہے۔ ایرانی حکومت اور پوری قوم شہید کے اہل خانہ اور فلسطینی قوم کے ساتھ تعزیت کرتی اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں۔خبر رساں ادارے ’مھر‘ کے مطابق ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر فادی البطش کے مجرمانہ قتل سے مسلم امہ میں بیداری پیدا ہوگی اور اسرائیلی ریاست کا زوال اور قریب ہوگا۔ انہوں نے شہید فلسطینی سائنسدان کے درجات کی بلندی اور اس کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور اجرعظم کی دعا کی۔