(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رپورٹ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان جاری خفیہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور فریقین نے پس چلمن بات چیت جاری رکھنے سے اتفاق کیاہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے درمیان حالیہ ایام میں ہونے والی بات چیت میں غرب اردن میں فلسطینی سیکیورٹی حکام کے اختیارات کا دائرہ وسیع کرنے جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مذاکرات میں شامل اسرائیلی سیکیورٹی حکام جلد ہی کابینہ کو بھی بات چیت میں ہونے والی پیش رفت کے بارےمیں آگاہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیلی حکام نے بات چیت جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔دو طرفہ مذاکرات میں اسرائیلی حکام نے غرب اردن کے سیکٹر A میں فلسطینی اتھارٹی کو زیادہ اختیارات دینے کی بات کی گئی ہے۔ اگر مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو بعض فلسطینی شہروں میں تعینات اسرائیلی فوج کی تعداد کم کردی جائے گی۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان خفیہ مذاکرات کا انکشاف تین ہفتے قبل ہوا تھا۔ تاہم تین ہفتے قبل کی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ فریقین کسی نتیجے تک پہنچے بغیر ہی مذاکرات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ بعد ازاں یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ غیرملکی دباؤ کے بعد فریقین نے خفیہ مذاکرات دوبارہ شروع کردیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات سیاسی نہیں بلکہ سیکیورٹی نوعیت کے ہیں جن میں اسرائیل کی جانب سے آپریشنل کمانڈر جنرل یوآب مردخائی، سینٹرل کمانڈ کے رکن جنرل رونی نوما جب کہ فلسطینی اتھارٹی کے وزیر برائے شہری امور حسین الشیخ، انٹیلی جنس چیف ماجد فرج اور ڈائریکٹر سیکیورٹی جنرل زیاد ھب الریح شامل ہیں۔
