(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رپورٹ کے مطابق فرانسسیسی حکومت نے صہیونی ریاست سے بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کرتے ہوئے تل ابیب سے ڈرون نہ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ فرانسیسی وزارت دفاع کو انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے ایک پیٹیشن موصول ہوئی ہے جس پر 8 ہزار انسانی حقوق کارکنوں اور عام شہریوں کے دستخط ہیں۔ اس پیٹیشن میں پیرس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ BDS نامی اسرائیلی بائیکاٹ کی تحریک میں شامل ہوتے ہوئے صہیونی ریاست کے ساتھ دفاعی تعاون کے نئے معاہدوں سے اجتناب کرے۔انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں کونہتے فلسطینی شہریوں کے قتل عام میں استعمال کررہاہے۔ لہٰذا پیرس تل ابیب سے ڈرون طیاروں کی خریداری کا فیصلہ منسوخ کرے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی ‘‘البیٹ’’ اور فرانس کی ‘‘ٹالز’’ نامی کمپنیوں نے whackeeper ماڈل کے بغیر پائلٹ ڈرون طیارے تیار کرنے اورانہیں فرانسیسی حکومت کو فروخت کرنے کا معاہدہ کیا تھا، تاہم فرانسیسی حکومت کی جانب سے حال ہی میں بتایا گیا ہے کہ پیرس اسرائیل سے ڈرون طیارے خرید نہیں کرے گا۔