نیویارک (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے ایک سفارتی اجلاس میں فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے بمباری بند کرتے ہوئے غزہ کا محاصرہ فوری اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کی شام نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ہونے والے اجلاس میں غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ عالمی سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری کشیدگی کسی نئے انسانی بحران کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارتی اجلاس میں غزہ میں مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان مصر کی مساعی سے ہونے والی حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا اور دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اقوام متحدہ کے سفارت کاروں نے غزہ پرعائد کردہ اسرائیلی ناکہ بندی کی مذمت کی اور کہا کہ پابندیوں کے نتیجے میں فلسطینی شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
قبل ازیں قوام متحدہ کے مندوب برائے انسانی حقوق شہزادہ رعد الحسین نے کہا تھا فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق اور مطالبات ناقبل تصرف ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سفارت کاروں کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی اقدامات بالخصوص غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔