نیویارک (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی نیکولائی میلاڈینوف نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کا علاقہ کسی بی وقت آتش فشاں بن کر پھٹ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کی خراب صورت حال کی ذمہ دار عالمی برادری ہوگی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل نے فلسطینی اراضی میں اپنے غیرآئینی اقدامات (جرائم) کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے باعث امن کے مواقع سنگین مشکلات اور فلسطینی ریاست کا قیام مزید مشکل ہوگیا ہے۔یو این‘ مندوب کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام میں امید پیدا کرنا ہوگی اور بند گلی میں جانے سے بچنا ہوگا۔ اس کے لیے فریقین کو با مقصد مذاکرات پر آمادہ کرنا اور فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کا غاصبانہ تسلط ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے حل کے لیے دو ریاستی حل کا فارمولہ نافذ کرنا ضروری ہے مگر اس کے لیے تمام فریقین کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور مثبت رد عمل ضروری ہے۔
ملاڈینوف کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کا علاقہ زیادہ حساس صورت اختیار کرچکا ہے جو کسی بھی آتش فشاں بن کر پھٹ سکتا ہے۔ ایسی صورت میں پوری عالمی برادری اور ہم سب اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
عالمی امن مندوب کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غزہ کی پٹی میں امدادی آپریشن بحال کرکے علاقے کو تباہی سے بچا سکتی ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی پرعائد کردہ پابندیاں ختم کرے اور غزہ کو تمام ضروری سامان کی ترسیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے فلسطینی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور فتح پر زور دیا کہ وہ مصر کی زیرنگرانی ہونے والی مصالحتی مساعی کو کامیاب بنانے کے لیے مثبت رد عمل کا اظہار کریں۔