دوحہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قطر نے فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کا محاصرہ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگرغزہ کی پٹی میں جاری انسانی بحران ختم نہیں کیا جاتا تو اس کے نتیجے میں غزہ میں انسانی المیہ خوف ناک شکل اختیار کرگیا ہے۔قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی برادری کی مؤثر قوتیں غزہ میں انسانی بحران ختم کرنے کے لیے اپنا اخلاقی، سیاسی اور سفارتی کردار ادا کریں۔ اگرعالمی برادری غزہ کی پٹی میں جاری انسانی بحران کے معاملے میں لاپرواہی اور خاموشی کا مظاہرہ کرتی ہے تو اس کے نتیجے میں انسانی بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر فلسطینی قوم کے تاریخی حقوق کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ دوحہ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام، بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے، فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کو عالمی قوامین کے مطابق حل کرنے پر زور دیتا رہے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے مظالم کے حوالے سے اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی ریاست کے جرائم اور انتقامی کارروائیوں کی ہر محاذ اور دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔