لندن (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب نیکولائی ملاڈینوف نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کا علاقہ غزہ کی پٹی جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں بھی کشیدگی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیکولائے میلاڈیوف نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کی صورت حال ابتر ہے اور غرب اردن میں بھی کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود کو خدشہ ہے کہ ان کی آزاد ریاستی حل کے لیے کی جانے والی مذاکراتی کوششیں ناکام ہوسکتی ہیں۔ خدشہ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی امن مساعی ناکام ہوجائیں۔
ملاڈینوف کا کہنا تھاکہ امریکا کے مجوزہ امن منصوبے کو عالمی برادری کی طرف سے حمایت حاصل ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ فلسطینی اور اسرائیلی دونوں فریق بھی اس کی حمایت کریں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطین کے باخبر ذریعے نے اطلاع دی تھی اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں۔
لندن سے شائع ہونے والے اخبار ’الحیات‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمود عباس نے عرب اور عالمی حلقوں کو بتایا تھا کہ اسرائیل کا فلسطینی اتھارٹی کے بجائے حماس کے ساتھ مذاکرات کرنا ناقابل قبول ہے۔ اگر اسرائیل اور حماس کے درمیان کوئی معاہدہ طے پاتا ہے تو فلسطینی اتھارٹی اسے قبول نہیں کرے گی۔