واشنگٹن (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں اسرائیلی تنصیبات اور صیہونی آباد کاروں کا تحفظ اور ’دہشت گردی‘ کے خلاف کارروائیاں فلسطینی اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تعاون سے غرب اردن میں ’دہشت گردی‘ کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم ہے۔ادھر امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہÂ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں میں صیہونی آباد کاروں کا تحفظ اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف کارروائیاں بالخصوص اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور اسلامی جہاد کو اسرائیل پر حملوں سے روکنے کی ذمہ داری فلسطینی اتھارٹی پرعائد ہوتی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں دہشت گردی کے حوالے سے یہ پہلی سالانہ رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ اس میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا امریکا نے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے حوالے سے کس قسم کی نئی پالیسی ترتیب دی ہہے۔
رپورٹ میں فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام سیکیورٹی اداروں کے کردار کے بارے میں ایک مفصل رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں فلسطینی ملیشیا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ حماس اور اسلامی جہاد کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور اسرائیلی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔