(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی تنظیموں اور انجمنوں نے عالمی یوم القدس منانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
فلسطینی تنظیموں،عرب دنیا کے انسانی حقوق کے اداروں، اور مختلف انجمنوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے حضرت امام خمینی (رح) کی قائم کردہ عالمی میراث، یوم القدس منانے پر تاکید کی ہے اور بیت المقدس کو یہودی بنانے کی صیہونی سازشوں کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما خالد البطش نے، امام خمینی (رح) کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس قرار دیئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہے کہ امام خمینی (رح) کے اس حکم نے دنیا بھر میں مسئلہ بیت المقدس کو اجاگر کیا اور یہ واضح ہوگیا کہ فلسطینی کاز اور بیت المقدس کی عظمت آج بھی مسلمانوں کے دلوں میں زندہ ہے۔
اردن کی انجمن حقوق انسانی کے سربراہ احمد الھائج نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات پرعالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ان اقدامات کا مقصد بیت المقدس کو یہودی رنگ دینا اور اس شہر کے ڈھانچے کو تبدیل کرکے اسے دینی تہذیب و تمدن سے خارج کرنا ہے۔
اردن کی لیبریونینوں کے وفاق کے ترجمان یوسف علاکوش نے کہا ہے کہ عالمی یوم القدس کا مقصد عرب اور اسلامی دنیا کو بیت المقدس کی عظمت بحال کرنے کی دعوت دینا ہے اور دنیا کو یہ بتانا ہے کہ قبلہ اول کا معاملہ عالم اسلام کے تمام مسائل میں سرفہرست ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) نے اپریل انیس اناسی میں اپنے ایک حکم کے ذریعے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس قرار دیا تھا تاکہ دنیا بھر کے مسلمان صہیونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے اپنے عزم کا اعلان کرسکیں۔